خبر

متحدہ عرب امارات میں دو خوفناک تصادم، جاں بحق 14 افراد کی قومیتیں سامنے آگئیں

متحدہ عرب امارات میں دو خوفناک تصادم، جاں بحق 14 افراد کی قومیتیں سامنے آگئیں

ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں شیخ خلیفہ روڈ پر دو یکے بعد دیگرے ہونے والے ٹریفک حادثات میں 14 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔ اماراتی وزارتِ داخلہ نے جاں بحق افراد کی شناخت اور قومیتوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق حادثہ جمعرات 12 نومبر کی صبح پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 10 اماراتی اور چار بھارتی شہری شامل ہیں۔ حادثے کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں اور ٹرکوں کو بھی نقصان پہنچا۔

وزارتِ داخلہ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 30 افراد کا تعلق سات مختلف ممالک سے ہے۔ ان میں 8 اماراتی، 7 بھارتی، 6 عمانی، 3 مصری، 2 اردنی، 2 پاکستانی اور 2 برازیلی شہری شامل ہیں۔

حکام کے مطابق تمام 14 جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی وفاقی پبلک پراسیکیوشن نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام نے جائے حادثہ کا معائنہ کرنے، تکنیکی جانچ پڑتال اور لیبارٹری ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا ہے تاکہ تصادم کی وجوہات اور ممکنہ قانونی ذمہ داری کا تعین کیا جاسکے۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق پولیس، ایمبولینس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیموں نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

حادثے کے بعد وزارتِ داخلہ نے شہریوں اور ڈرائیوروں پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ رفتار کی پابندی کریں، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں اور سڑک کی بدلتی صورت حال پر نظر رکھیں، خصوصاً اس وقت جب ٹریفک کی رفتار کم ہو یا گاڑیاں رک رہی ہوں۔

وزارت نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

ماخذ

شیئر کریں: f 𝕏 ◉ ➤ in @