کیلیفورنیا: گوگل کے چیف سائنسدان جیف ڈین نے تقریباً 27 برس بعد کمپنی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نئی کمپنی ڈسکوری لوپ (Discovery Loop) کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کے فیصلے کو عالمی ٹیکنالوجی صنعت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
جیف ڈین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ وہ سنجے گھیموات، اوریول ونیالس اور کوک لے کے ساتھ مل کر نئی کمپنی شروع کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس منصوبے کا مقصد جدید مشین لرننگ، سائنس اور انجینئرنگ کے میدان میں خودکار مصنوعی ذہانت کے نظام تیار کرنا ہے، تاکہ نئی سائنسی دریافتوں کے عمل کو زیادہ تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ گوگل میں ان کا سفر ایک یادگار تجربہ رہا، جہاں انہوں نے کمپنی کو صرف 25 ملازمین پر مشتمل اسٹارٹ اپ سے دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں تبدیل ہوتے دیکھا۔ ان کے مطابق اس کامیابی کا حصہ بننا ان کے لیے باعثِ فخر رہا۔
دوسری جانب گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سندر پچائی نے اعلان کیا کہ گوگل نئی کمپنی ڈسکوری لوپ میں بانی سرمایہ کار کے طور پر شامل ہوگا۔ انہوں نے جیف ڈین کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے نئے منصوبے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
جیف ڈین 1999 میں گوگل کا حصہ بنے تھے اور سرچ انفراسٹرکچر، ویب انڈیکسنگ، سرچ سسٹمز اور بعد ازاں جیمنی سمیت کمپنی کی مصنوعی ذہانت سے متعلق متعدد اہم منصوبوں میں مرکزی کردار ادا کرتے رہے۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مصنوعی ذہانت کے میدان میں عالمی سطح پر مقابلہ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں جدید اے آئی ماڈلز اور نئی ایجادات پر بھرپور سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔
