بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی میں شدید اضافے کے باعث شہر دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے، جبکہ پاکستان کا شہر لاہور دوسری پوزیشن سے نیچے آکر ساتویں نمبر پر پہنچ گیا۔
دہلی میں دھوئیں اور دھند کی موٹی تہہ چھانے سے حدِ نگاہ بھی متاثر ہوئی، جبکہ شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعہ، 13 نومبر 2026ء کو سوئٹزرلینڈ کے فضائی معیار کی نگرانی کرنے والے ادارے آئی کیو ایئر نے دہلی کا فضائی معیار کا اشاریہ 334 ریکارڈ کیا، جسے انتہائی خطرناک قرار دیا گیا۔
اس کے برعکس بھارت کے سرکاری ادارے سینٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ نے دہلی کا اے کیو آئی 403 ریکارڈ کیا، جو شدید آلودگی کی نشاندہی کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تقریباً 2 کروڑ آبادی والے شہر دہلی کی سڑکوں پر اسموگ کی موٹی تہہ چھا گئی۔ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں دھند کے درمیان چلتی دکھائی دیں، جبکہ بعض اہم شاہراہوں پر اس قدر دھواں تھا کہ سڑکوں پر نصب روشنیاں بھی واضح دکھائی نہیں دے رہی تھیں۔
آلودگی کی شدت کم کرنے کے لیے شہر کی بعض سڑکوں کے درمیان پانی کے چھڑکاؤ کے خصوصی نظام بھی نصب کیے گئے ہیں، تاہم فضائی معیار میں بہتری کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت برقرار ہے۔
