کراچی:
سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے 21 لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے 5 افراد کا سراغ لگانے کی رپورٹ پر درخواستیں نمٹا دیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق مبینہ ٹاؤن کے علاقے سے لاپتا لڑکی زیبا فیصل گھر واپس آگئی ہے، جبکہ گمشدہ شہری ندیم احمد اور شمشاد خان بھی گھر واپس آگئے ہیں۔ لاپتا شہری ذوہیب تھانہ پاپوش نگر اور عامر گل پیرا آباد پولیس کو مطلوب تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں شہریوں کو مختلف مقدمات میں متعلقہ پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
عدالت نے پولیس رپورٹ کے بعد پانچوں افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں، جبکہ شہری عبداللہ، رانا خالد اقبال، عبدالوہاب اور دیگر کی بازیابی کی درخواستوں پر رپورٹ طلب کرلی۔
عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ اور دیگر حکام کو 17 دسمبر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شہریوں کا سراغ لگانے کے لیے مختلف محکموں کو خطوط لکھے ہیں، جواب آنے تک مہلت دی جائے۔
