خبر

سندھ حکومت کی معدنیات تلاش اور برآمد کیلیے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت

سندھ حکومت کی معدنیات تلاش اور برآمد کیلیے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت


کراچی:

سندھ حکومت نے معدنیات کی تلاش، پروسیسنگ اور برآمدی صنعتوں کو فروغ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ میں معدنی وسائل کی استعداد اور سرمایہ کاری سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیر معدنیات سید سردار علی شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری توانائی شہاب انصاری، سیکریٹری معدنیات سہیل بلوچ اور اسپیشل سیکریٹری توانائی اسلم سومرو شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ نے سندھ میں معدنیات کی تلاش، پروسیسنگ اور برآمدی صنعتوں کو فروغ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ معدنی وسائل کی تلاش، جدید کان کنی، پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے معدنی شعبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے معدنی وسائل معاشی ترقی، صنعتی فروغ اور روزگار کی فراہمی کا اہم ذریعہ بن سکتے ہیں۔ صوبے سندھ میں کوئلے اور دیگر معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سرمایہ کاروں کے لیے شفاف قوانین، مسابقتی مراعات اور سازگار ماحول فراہم کریں گے۔ معدنیات کی تلاش سے آگے بڑھ کر پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن پر توجہ دینا ہوگی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ خام معدنیات کی برآمد کے بجائے مقامی سطح پر پروسیسنگ اور صنعتوں کے قیام پر توجہ دی جائے۔ معدنی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نئی صنعتیں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے وزیر معدنیات کو ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے بنانے کی ہدایت بھی کی۔

اس موقع پر وزیر معدنیات سید سردار علی شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو اجلاس میں بریفنگ  دی اور بتایا کہ سندھ کے معدنی وسائل میں تھر کا کوئلہ، گرینائٹ، خام لوہا، سنگ مرمر اور چونا پتھر شامل ہیں۔ سندھ میں گرینائٹ، آئرن، ماربل، سیلیسٹائٹ، چائنا کلے، سلیکا سینڈ اور جھیلوں کے نمک کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔  تھر میں کوئلے کے ذخائر کا تخمینہ 175 ارب ٹن ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 3,300 میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔ تھر کے کوئلے سے توانائی کی پیداوار اور دیگر صنعتی منصوبوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ کوئلے سے بریکیٹس اور یوریا کی تیاری کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ تھر ریلوے منصوبہ کوئلے کی ملک بھر کی صنعتوں تک ترسیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سندھ میں معدنیات کی پروسیسنگ، کٹنگ، پالشنگ اور برآمدی صنعتوں کے قیام کے امکانات موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شعبہ معدنیات میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے شفاف طریقہ کار یقینی بنایا جائے گا۔ سائنسی بنیادوں پر معدنیات کی تلاش اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال حکومت کی ترجیح ہے۔  انہوں نے ذمہ دارانہ کان کنی کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ اور مقامی آبادی کی ترقی یقینی بنانے کی ہدایات بھی کیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کان کنی کے منصوبوں میں مقامی افراد کو روزگار کی فراہمی اور متاثرہ علاقوں کی بحالی پر توجہ دی جائے گی۔

اس موقع پر تھر میں مقامی افراد کے لیے روزگار، تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دیگئی۔ سردار شاہ نے بتایا کہ تھر میں ایک ملین سے زائد درخت لگائے گئے، پانی کے تحفظ، حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی بہتری کے اقدامات جاری ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کان کنی کے منصوبوں میں ماحولیاتی تحفظ، مقامی آبادی کے حقوق اور ذمہ دارانہ کان کنی کو یقینی بنایا جائے۔ سندھ حکومت طویل المدتی سرمایہ کاری اور اسٹریٹجک شراکت داری کا خیرمقدم کرتی ہے۔ معدنی وسائل کو پائیدار معاشی ترقی، صنعتی خوشحالی اور عوام کے بہتر مستقبل کا ذریعہ بنائیں گے۔

ماخذ

شیئر کریں: f 𝕏 ◉ ➤ in @