خبر

بامقصد مذاکرات کے لیے – ایکسپریس اردو

بامقصد مذاکرات کے لیے – ایکسپریس اردو

لڑائیاں بھول کر عوام کے مسائل پر توجہ دی جائے، عوام کا معاشی طور پر جینا مشکل ہوگیا ہے، اگر ہم پی ٹی آئی، مولانا فضل الرحمن ،دہشت گردوں، بھارت اور افغانستان سے لڑتے رہے تو بس لڑتے ہی رہیں گے ، پاکستان کے مسائل حل نہیں ہونگے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں ایک نئی یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بصیرت افزاء باتیں کیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی پیپلز پارٹی موجودہ سیاسی ڈھانچے کا ایک اہم ستون ہے۔

2024ء کے انتخابات کے بعد سے یہ سیاسی ڈھانچہ تعمیر ہوا ہے۔ پیپلز پارٹی اس ڈھانچہ کے سائے تلے تمام اہم فیصلوں میں شریک ہے۔ پیپلز پارٹی نے بلوچستان میں موجودہ پالیسی کی مکمل حمایت کی ہے۔ اسی طرح پیپلز پارٹی نے 26ویں اور 27ویں ترمیم کی منظوری میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے خیبر پختون خوا میں گورنر راج کے نفاذ کی بھرپور حمایت کی۔ ان کی پارٹی کا ایک کارکن گورنر کی حیثیت سے وفاقی حکومت کے احکامات پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ اس بناء پر بلاول بھٹو زرداری کی ذمے داری ہے کہ وہ ملک میں موجود مسائل کو تسلیم کرتے ہوئے، ان کے خاتمے کے لیے ٹھوس تجاویز پیش کریں۔

برصغیر میں سیاسی تحریکوں کی تاریخ پڑھی جائے تو پتہ چلتا ہے کہ انگریز دور میں بھی سیاسی کارکنوں کو مختلف الزامات کے تحت جیلوں میں بند رکھا جاتا ہے۔ جنرل ایوب خان کے دورِ اقتدار میں متحدہ حزبٍ اختلاف کی جماعتوں کے بہت سے رہنما جیلوں میں بند رہے تھے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو، ان کی والدہ نصرت بھٹو سمیت پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکن جنرل ضیاء الحق کے دور میں قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرتے رہے۔ ان میں سے بہت سے کارکنان کو کوڑوں کی سزائیں دی گئیں اور کچھ کو تو پھانسی بھی دی گئی۔

ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا تھا۔ جب بے نظیر بھٹو 1988ء میں وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہوئیں تو انھوں نے سب سے پہلے سیاسی کارکنوں کی رہائی کے احکامات جاری کیے۔ پیپلز پارٹی کی پہلی حکومت کے ان فیصلوں سے ملک میں سیاسی استحکام پیدا ہوا۔ پیپلز پارٹی کی یہ پالیسی دوسری اور چوتھی حکومت میں بھی رہی۔ بلاول بھٹو کو وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کرنا چاہیے کہ چاروں صوبوں میں سیاسی کارکنان کو رہا کیا جائے۔

ایک اہم مسئلہ معاشی بحران کا ہے۔ عالمی بینک کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح بڑھ رہی ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آبادی کا مزید 28 فیصد حصہ خط غربت کے نیچے منتقل ہوگیا ہے۔ ایران، امریکا، اسرائیل جنگ سے پاکستان براہِ راست متاثر ہوا ہے۔ درمیانہ طبقہ سکڑ رہا ہے اور متوسط طبقہ کے افراد میں خودکشی کی شرح بڑھ رہی ہے۔ موجودہ حکومت نے معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کئی پالیسیاں تیار کیں، ان کے مثبت نتائج برآمد بھی ہوئے۔ البتہ صرف اقتصادی ڈھانچہ ہی مکمل طور پر تبدیل نہیں کرنا بلکہ خارجہ پالیسی میں بھی تبدیلی کی اشد ضرورت ہے۔

 بلاول بھٹو نے اپنی اس تقریر میں بھارت سے تعلقات کی خرابی کا ذکر کیا ہے۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بھارت سے تجارت شروع ہوجائے تو ملک میں تمام اقسام کی اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہے گا۔ دنیا بھر کے ممالک کی تجارتی پالیسیوں کا جائزہ لیا جائے تو وہ تمام ممالک جن کے ایک دوسرے سے تعلقات خراب ہیں وہ تجارت ضرور کرتے ہیں۔

اس کی سب سے بڑی مثال چین اور بھارت کے تعلقات کی ہے۔ چین اور بھارت کے درمیان جنگ ہو چکی ہے لیکن آج بھی بھارت چین کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق چین اور بھارت کے درمیان 155 بلین ڈالر کی تجارت ہوتی ہے جبکہ بھارت اور امریکا کے درمیان 140 بلین ڈالر کی تجارت ہوتی ہے۔ اسی طرح چین کا دعویٰ ہے کہ تائیوان اس کا حصہ ہے۔ چین کی قیادت ہر سال یہ عزم دہراتی ہے کہ تائیوان چین میں شامل ہوجائے گا۔ چین اور تائیوان میں تجارت کا حجم بِڑھتا جارہا ہے ۔ چین نے اس سال تائیوان کو 77.5 بلین ڈالر کی اشیاء برآمد کی اور تائیوان نے 105بلین ڈالر کی اشیاء چین کو برآمد کی تھیں۔

 ان عالمی حقائق کے تناظر میں پاکستان کو بھارت سے فورا تجارت شروع کرنے کے لیے سفارتی طریقہ کار کو اپنانا چاہیے اور ڈپلومیسی کے جدید ٹولز کو اپنایا جائے تو پاکستان کی بہت سی اشیاء کے لیے بھارت میں اچھی مارکیٹ موجود ہے۔

ان میں خاص طور پر سبزیاں، پھل اور کھجور کی تمام اقسام شامل ہیں۔ بھارت سے سستی ادویات آنے سے مارکیٹ میں ادویات کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ ملک میں آج کل شوگر کے مریضوں کی جان بچانے والی انسولین کی قلت ہے اور تھیلیسیمیا کے مرض کے علاج کے لیے درآمد ہونے والی دوائیاں نایاب ہوگئی ہیں۔ اسی طرح کینسر کے مرض کی ادویات بھارت سے خاصی سستے داموں آسکتی ہیں۔ ملک کے بیشتر حصوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے۔ کراچی میں پیپلز پارٹی کبھی لیاری میں سب سے زیادہ مقبول جماعت تھی۔ اب لیاری میں کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے صرف مصارف زندگی ہی نہیں بڑھتے بلکہ عام آدمی کا ڈپریشن بھی بڑھ جاتا ہے۔

امریکا میں سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس کی اکثریت پاکستان کے لیے کوئی نیک شگون نہیں ہے۔ ڈیموکریٹس عمومی طورپر انسانی حقوق کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ پر زور دیتے ہیں۔ ڈیموکریٹس روایتی طور پر بھارت سے تعلقات بہتر بنانے کی پالیسی اختیار کرتے ہیں۔ صوبہ سندھ میں شہری اور دیہی تضادات شدت اختیار کرتے جارہے ہیں۔ کچھ قوتیں کراچی صوبہ کی تحریک کو تقویت دے رہی ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ایک کمزور بلدیاتی نظام قائم کیا ہے مگر اس نظام میں میئر سے لے کر ٹاؤن چیئرمین اور یونین کونسل تک کے سارے اختیارات سندھ سیکریٹریٹ کی بیوروکریسی کے پاس ہیں۔

پیپلز پارٹی نے ہر انتخاب کے بعد ایم کیو ایم سے مذاکرات کیے۔ ایم کیو ایم کے ووٹوں سے صدر آصف زرداری صدر منتخب ہوئے ہیں۔ بلاول بھٹو کو قومی سطح پر ہی نہیں بلکہ صوبہ کی سطح پر بھی ہر سیاسی جماعت سے بامقصد مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔ بلاول بھٹو کو اپنی جماعت کے اتحادی وزیر اعظم پر زور دینا چاہیے کہ وہ حزبِ اختلاف سے مذاکرات کے لیے مناسب ماحول پیدا کریں۔

ماخذ

شیئر کریں: f 𝕏 ◉ ➤ in @