خبر

انڈس اسپتال میں قوت سماعت سے محروم بچوں اور بڑوں کیلئے 450 کوکلیئر امپلانٹ سرجریز مکمل

انڈس اسپتال میں قوت سماعت سے محروم بچوں اور بڑوں کیلئے 450 کوکلیئر امپلانٹ سرجریز مکمل


کراچی:

انڈس اسپتال کراچی میں قوتِ سماعت سے محروم بچوں اور بڑوں کو سننے اور بولنے کے قابل بنانے کے لیے جاری کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کے تحت 450 سرجریز مکمل کرلی گئیں۔

ان سرجریز پر نجی شعبے میں علاج کی لاگت کے تخمینے کے مطابق مجموعی طور پر 2 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد خرچ آتا ہے تاہم انڈس اسپتال کراچی میں یہ سہولت مستحق مریضوں کو بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ رواں سال اب تک 126 سرجریز مکمل ہو چکی ہیں جبکہ آئندہ تین ماہ کے دوران مزید 36 سرجریز کرنے کا منصوبہ ہے۔

انڈس اسپتال میں کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کا آغاز 2014 میں کیا گیا تھا۔ اسپتال کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک ہونے والے مجموعی امپلانٹس میں 68.8 فیصد یعنی 310 مریضوں کا تعلق سندھ، 12.5 فیصد یعنی 56 مریضوں کا خیبر پختونخوا، 11.3 فیصد یعنی 51 مریضوں کا پنجاب، 6.3 فیصد یعنی 28 مریضوں کا بلوچستان جبکہ 1.3 فیصد یعنی 5 مریضوں کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔ اس طرح کراچی میں قائم یہ پروگرام ملک کے مختلف صوبوں اور علاقوں سے آنے والے مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔

کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کی منیجر انعم مدھانی کے مطابق کوکلیئر امپلانٹ کے لیے آنے والے ہر بچے کی براہِ راست سرجری نہیں کی جاتی بلکہ پہلے اس کا طبی معائنہ اور سماعت کا تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے، مقررہ معیار پر پورا اترنے والے بچوں کو امپلانٹ کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف کوکلیئر امپلانٹ کی قیمت تقریباً 12 ہزار امریکی ڈالر ہے جبکہ سرجری اور بحالی کے اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔ نجی شعبے میں اس نوعیت کے مکمل علاج پر تقریباً 60 لاکھ روپے تک خرچ آسکتا ہے، تاہم انڈس اسپتال میں یہ تمام سہولیات مستحق مریضوں کو مفت فراہم کی جاتی ہیں۔

انعم مدھانی کے مطابق پروگرام کے تحت دو اقسام کے مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ پہلی قسم میں پیدائشی طور پر قوتِ سماعت سے محروم پانچ سال سے کم عمر بچے شامل ہیں جبکہ دوسری قسم میں ایسے افراد کا امپلانٹ کیا جاتا ہے جو پہلے سننے اور بولنے کی صلاحیت رکھتے تھے لیکن بعد میں کسی وجہ سے ان کی سماعت ختم ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ ایسے مریضوں کی عمر کی حد 45 سال تک ہے۔ پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ سرجری کے بعد مریضوں کو تین سال تک آڈیالوجی، اسپیچ تھراپی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جاتی ہے جبکہ والدین کو بھی بچوں کی دیکھ بھال اور تربیت کے حوالے سے رہنمائی دی جاتی ہے۔

انعم مدھانی کا کہنا تھا کہ سماعت سے محرومی کی وجوہات میں موروثی اور جینیاتی عوامل، پیدائش کے دوران پیچیدگیاں، بعض انفیکشنز، مخصوص ادویات کے اثرات اور جسمانی چوٹ شامل ہوسکتی ہیں۔ بعض خاندانوں میں قریبی رشتوں میں شادی کے باعث موروثی بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت حال ہی میں دو سالہ بچے یونس کا بھی کوکلیئر امپلانٹ کیا گیا، جو پیدائش سے قوتِ سماعت سے محروم تھا۔ تقریباً ایک ماہ قبل اس کے کان میں امپلانٹ کا اندرونی حصہ نصب کیا گیا جبکہ حال ہی میں بیرونی ڈیوائس فعال کی گئی جسے سوئچ آن کہا جاتا ہے۔

انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کراچی کی سینئر آڈیولوجسٹ تبسم ناز کے مطابق سوئچ آن ہوتے ہی بچہ پہلی مرتبہ آواز محسوس کرتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ کوکلیئر امپلانٹ کے فوراً بعد بچہ بولنا شروع نہیں کرتا بلکہ پہلے آواز سنتا ہے، پھر اسے سمجھنے کا عمل شروع ہوتا ہے اور اس کے بعد اسپیچ تھراپی کے ذریعے بولنے کی صلاحیت پروان چڑھتی ہے۔

تبسم کے مطابق اندرونی امپلانٹ طویل مدت کے لیے ہوتا ہے جبکہ بیرونی پروسیسر، بیٹری، کوائل اور کیبل سمیت دیگر لوازمات کی دیکھ بھال ضروری ہے۔ بچے کی سماعت اور بولنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے مسلسل آڈیالوجی اور اسپیچ تھراپی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسپتال میں تین سال تک باقاعدہ بحالی کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جبکہ اس کے بعد بھی ڈیوائس اور سماعت کی نگرانی جاری رہتی ہے۔

یونس کے والدین نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچے کی بیماری کو قدرتی سمجھ کر علاج کی کوشش ترک نہیں کرنی چاہیے بلکہ جدید طبی سہولیات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ کے ذریعے کوکلیئر امپلانٹ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے بعد انڈس اسپتال سے رابطہ کیا، جہاں ان کے بچے کا علاج مکمل طور پر مفت کیا گیا۔

بچے کے پہلی مرتبہ آواز سننے پر والدین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مستقبل میں استطاعت ہوئی تو وہ بھی اسپتال کے اس پروگرام میں عطیہ دینا چاہیں گے۔ طبی ماہرین کے مطابق نومولود بچوں میں سماعت کی بروقت جانچ اور ابتدائی تشخیص سے قوتِ سماعت سے محروم بچوں کو مناسب عمر میں علاج فراہم کیا جا سکتا ہے، جس سے ان کے زبان سیکھنے، بولنے اور تعلیم حاصل کرنے کے امکانات بہتر ہوتے ہیں۔

ماخذ

شیئر کریں: f 𝕏 ◉ ➤ in @