دبئی: متحدہ عرب امارات نے موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران بیرونِ ملک سے آنے والے خاندانوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے یو اے ای ٹورسٹ ویزا فیس میں اہم رعایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت 18 سال سے کم عمر بچوں کے ٹورسٹ ویزا کی سرکاری فیس 15 جولائی سے 15 ستمبر 2026 تک معاف رہے گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سہولت صرف ان بچوں کو دی جائے گی جو اپنے والدین کے ہمراہ سیاحتی مقصد کے لیے متحدہ عرب امارات کا سفر کریں گے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ والدین اور بچوں کی ویزا درخواستیں ایک ہی وقت میں جمع کرانا لازمی ہوں گی، بصورت دیگر فیس معافی کی سہولت نہیں مل سکے گی۔
حکام کے مطابق یہ رعایت ان بچوں پر لاگو نہیں ہوگی جو پہلے سے متحدہ عرب امارات میں مقیم افراد کے زیر کفالت ہیں۔ اس اسکیم کا مقصد بیرونِ ملک سے آنے والے سیاح خاندانوں کو مالی سہولت فراہم کرنا اور سیاحت کو مزید فروغ دینا ہے۔
اگرچہ حکومت نے سرکاری ویزا فیس معاف کر دی ہے، تاہم درخواست گزاروں کو ٹریول انشورنس، ویزا پروسیسنگ اور ٹریول ایجنسی کے سروس چارجز بدستور ادا کرنا ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ اضافی اخراجات اوسطاً 120 درہم فی بچہ ہو سکتے ہیں۔
عام حالات میں بچوں کے ٹورسٹ ویزا پر تقریباً 250 سے 350 درہم تک لاگت آتی ہے۔ اس رعایت کے نتیجے میں دو بچوں کے ساتھ سفر کرنے والا خاندان مجموعی طور پر 500 سے 700 درہم تک کی بچت کر سکتا ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ سہولت 30 روزہ اور 60 روزہ دونوں ٹورسٹ ویزا کی ابتدائی درخواستوں پر دستیاب ہوگی۔ تاہم اگر بعد میں ویزا میں توسیع کرائی گئی تو اس کے لیے معمول کے مطابق مقررہ فیس ادا کرنا ہوگی، کیونکہ فیس معافی صرف پہلی درخواست تک محدود رکھی گئی ہے۔
