خبر

یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری!

یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری!

اسلام آباد: یو اے ای میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اہم سہولت کا اعلان کر دیا ہے۔ نادرا کی موبائل رجسٹریشن ٹیم پاکستان کے قونصل خانے کے تعاون سے متحدہ عرب امارات میں خصوصی کیمپ قائم کرے گی تاکہ پاکستانی شہریوں کو شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات ان کے قریب ہی فراہم کی جا سکیں۔

نادرا کے اعلامیے کے مطابق ایسے پاکستانی شہری جنہیں نئی شناختی دستاویزات بنوانی ہوں، موجودہ دستاویزات کی تجدید، ترمیم، ری پرنٹ یا دیگر رجسٹریشن خدمات درکار ہوں، انہیں طویل سفر یا کسی دوسرے شہر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس مقصد کے لیے نادرا کی موبائل رجسٹریشن ٹیم پاکستان قونصل خانے کے نمائندوں کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی کمیونٹی کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

اعلامیے کے مطابق خصوصی رجسٹریشن کیمپ ہفتہ 8 اگست کو مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک الاسماء ٹرانسپورٹ اینڈ کمپنی، الہیل روڈ، فجیرہ میں قائم کیا جائے گا۔

اس کیمپ میں یو اے ای میں مقیم پاکستانی شہریوں کو نائیکوپ (NICOP) کے اجرا، تجدید، ترمیم، ری پرنٹ، منسوخی اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) سمیت مختلف خدمات ایک ہی مقام پر فراہم کی جائیں گی۔

نادرا نے پاکستانی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ مقررہ وقت پر کیمپ کا رخ کریں تاکہ رجسٹریشن اور شناختی دستاویزات سے متعلق تمام ضروری امور بروقت مکمل کیے جا سکیں۔

یہ اقدام بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو جدید اور آسان سرکاری خدمات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ہزاروں شہریوں کو براہِ راست فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

ماخذ

شیئر کریں: f 𝕏 ◉ ➤ in @