خبر

یو اے ای ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے اہم خبر

یو اے ای ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے اہم خبر

متحدہ عرب امارات ملازمت ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے نئی اہم شرط سامنے آگئی ہے۔ متعلقہ حکام نے واضح کیا ہے کہ ویزا درخواست کے ساتھ پولیس کلیئرنس یا گڈ کنڈکٹ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ضروری ہوگا۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں کے لیے ملازمت کے ویزا کی درخواست کے عمل میں پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا ہے۔ یہ شرط 20 جولائی 2026 سے نافذ العمل ہے۔

نئی ہدایت کے تحت یو اے ای میں ملازمت کے لیے ویزا درخواست جمع کروانے والے پاکستانی شہریوں کو پاکستان میں متعلقہ اتھارٹی سے پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ اس کے بعد سرٹیفکیٹ کی متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے تصدیق بھی کروانا ضروری ہوگی۔

حکام نے ملازمت کے خواہشمند افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ویزا درخواست جمع کروانے سے پہلے تمام مطلوبہ دستاویزات مکمل کرلیں۔ پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ بروقت حاصل کرنے سے درخواست کے عمل میں غیر ضروری تاخیر اور ممکنہ پیچیدگیوں سے بچا جا سکتا ہے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے جاب سیکرز کے ساتھ ساتھ لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کو بھی نئی دستاویزی شرط کی مکمل پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ بیرون ملک ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا اور سفری دستاویزات کی بروقت تکمیل انتہائی اہم ہے۔ متحدہ عرب امارات ملازمت ویزا کے لیے نئی شرط کے باعث درخواست گزاروں کو چاہیے کہ وہ کاغذات تیار کرتے وقت پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق کا مرحلہ بھی مکمل رکھیں۔

ماخذ

شیئر کریں: f 𝕏 ◉ ➤ in @