خبر

کاروباری اوقات کار میں اضافہ! اہم خبر آگئی

کاروباری اوقات کار میں اضافہ! اہم خبر آگئی

اسلام آباد: کاروباری اوقات کار میں اضافے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کی ذیلی کمیٹی نے کاروباری سرگرمیوں کے اوقات میں ابتدائی طور پر 30 منٹ اضافے کی سفارش کردی۔

سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت ہونے والے ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں کاروباری اوقات معمول پر لانے کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کاروباری نمائندوں اور متعلقہ حکام نے اپنی آرا کمیٹی کے سامنے پیش کیں۔

کاروباری نمائندوں کا کہنا تھا کہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے زیادہ وقت دستیاب ہونے سے معاشی سرگرمیوں میں بہتری آسکتی ہے۔ ان کے مطابق اوقات میں اضافہ ہونے کی صورت میں انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کی وصولیوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

تاہم پاور ڈویژن نے کاروباری اوقات بڑھانے کی تجویز پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ حکام کے مطابق اگر کاروباری سرگرمیوں کا دورانیہ بڑھایا گیا تو بجلی کی طلب میں تقریباً 600 میگاواٹ کا اضافی اضافہ ہوسکتا ہے۔

پاور ڈویژن حکام نے بتایا کہ اضافی بجلی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے فرنس آئل سے چلنے والے پاور پلانٹس بھی فعال کرنا پڑسکتے ہیں۔ اس صورت میں بجلی کی پیداوار کی لاگت میں اضافہ ہوگا اور فی یونٹ قیمت تقریباً 5 روپے تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

حکام نے کمیٹی کو یہ بھی آگاہ کیا کہ ملک میں اس وقت ایل این جی کا ذخیرہ انتہائی محدود ہے اور صرف ایک دن کے لیے ایل این جی دستیاب ہے۔ اضافی بجلی کی طلب پوری کرنے کے لیے اسپاٹ ایل این جی کارگوز خریدنے پڑے تو بجلی کی پیداواری لاگت مزید بڑھ سکتی ہے۔

اجلاس کے دوران ملک سے صنعتوں کی منتقلی، ایف بی آر کی گورننس، صنعتی پالیسی اور کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کرنے کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

ایف بی آر حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ کاروباری برادری کا اعتماد بحال کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں کاروباری نمائندوں کے ساتھ مشترکہ کمیٹیاں قائم کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔

حکام کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر ایف بی آر کے چیئرمین ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی میں کیمپ آفس قائم کریں گے۔ لاہور میں بھی دو روز کے لیے کیمپ آفس لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جس کا مقصد کاروباری طبقے کے مسائل کو براہ راست سننا اور ان کے حل کے لیے اقدامات کرنا ہے۔

کاروباری اوقات کار میں اضافے کی حتمی صورت اور اس پر عملدرآمد سے متعلق فیصلہ متعلقہ حکام اور کمیٹی کی مزید مشاورت کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔

ماخذ

شیئر کریں: f 𝕏 ◉ ➤ in @