قومی سیاسی قیادت کم از کم ایجنڈے پر متحد ہو، خیبرپختونخوا میں امن کا قیام وفاق اور سیکیورٹی اداروں کے لیے بڑا چیلنج ہے، قائم مقام امیر جماعت اسلامی
ڈیرہ اسماعیل خان (محمد عرفان مغل): جماعت اسلامی کے قائم مقام مرکزی امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی ریلیف عوام تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کا بوجھ عوام برداشت کرسکتے ہیں، تاہم حکومت کو فی لیٹر پیٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی ٹیکسوں، ڈیوٹیز اور لیوی کا بوجھ واپس لینا چاہیے۔
وہ جماعت اسلامی خیبرپختونخوا جنوبی کے نائب صدر مولانا سلیم اللہ ارشد کے صاحبزادے نقیب بلوچ کی شادی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر اعتدال نیوز ڈیجیٹل کے سی ای او محمد عرفان مغل سے گفتگو کررہے تھے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ جس طرح ماضی میں آئی پی پیز کے معاملے پر اصلاحات کو ناممکن سمجھا جارہا تھا، لیکن جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں اس حوالے سے پیش رفت ہوئی، اسی طرح پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا معاملہ بھی اپنے آخری مراحل میں ہے۔ اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مذاکرات کے نتیجے میں حاصل ہونے والا ریلیف عوام تک منتقل کرے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ایک حصہ عالمی منڈی سے تیل کی خریداری کا ہوتا ہے، جبکہ دوسرا حصہ حکومت کی جانب سے عائد کردہ مختلف ٹیکسوں اور لیویز پر مشتمل ہے۔ ان کے بقول حکومت فی لیٹر پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی، کلائمیٹ لیوی اور کسٹم ڈیوٹی سمیت اضافی مالی بوجھ عائد کرتی ہے، جس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
لیاقت بلوچ نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے مذاکرات کے دوران دو اہم معاملات پر توجہ دلائی۔ ایک مقامی آئل ریفائنریز اور دوسرا پاکستان میں پیدا ہونے والے خام تیل کی قیمت کا تعین ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں پیدا ہونے والے خام تیل کو درآمدی تیل کی قیمت کے مطابق شمار کرنے کے بجائے اس کی اصل مقامی قیمت کے مطابق رکھا جائے۔
وزیراعظم بلوچستان کے مسائل پر کوئٹہ میں آل پارٹیز کانفرنس بلائیں، لیاقت بلوچ
ان کے مطابق حکومت نے ان تجاویز کو تسلیم کیا ہے اور ان اقدامات سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ لیوی کے بوجھ میں بھی ایڈجسٹمنٹ کی گنجائش پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کا گزشتہ روز فون آیا تھا، جس کے بعد منگل کو ایک اجلاس طے پایا ہے۔ امید ہے کہ اس اجلاس میں معاملے پر حتمی نتیجہ سامنے آئے گا۔
گورنر راج اور خیبرپختونخوا کی صورتحال
خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق سوال پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ آئین کی پابندی ہر شخص اور ادارے پر لازم ہے، لیکن آئینی اختیارات کو بدنیتی کی بنیاد پر استعمال کرنے کے نتائج ماضی میں بھی اچھے نہیں نکلے۔
انہوں نے کہا کہ عوام امن، جان و مال اور عزت کے تحفظ، شاہراہوں کی حفاظت، روزگار اور کاروبار کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ ان کے بقول گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد لوگوں نے ایک طرح سے سکھ کا سانس لیا ہے اور توقعات وابستہ کی ہیں کہ شاید اب صوبے میں امن قائم ہوسکے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج نہ کیے جانے کو بھی بعض لوگوں نے اس تناظر میں دیکھا کہ شاید پارٹی نے خود محسوس کیا ہے کہ اس کی حکومتیں امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ اب وفاقی حکومت، فوج اور سیکیورٹی فورسز نے امن قائم کرنے کی ذمہ داری اپنے سر لے لی ہے، اس لیے صوبے میں امن کا قیام ان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگا۔
قومی سیاسی ڈائیلاگ کی ضرورت
ملکی سیاسی اتحادوں کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے قائم مقام مرکزی امیر نے کہا کہ اس وقت سیاسی اتحاد عملی طور پر مؤثر نہیں رہے اور اتحادی سیاست بے نتیجہ دکھائی دے رہی ہے۔ ان کے مطابق اتحاد قائم ہونے پر عوام بڑی توقعات وابستہ کرتے ہیں، لیکن جب اتحادی جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ کیے گئے وعدوں اور طے شدہ اصولوں کی پاسداری نہیں کرتیں تو یہ اتحاد اپنے مقاصد حاصل نہیں کرپاتے۔
انہوں نے زور دیا کہ ملک میں قومی ڈائیلاگ ہونا چاہیے اور قومی قیادت کو مشترکہ ترجیحات پر بیٹھ کر بات چیت کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق کم از کم ایجنڈے میں آئین کی بالادستی، غیرجانبدارانہ انتخابات، عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور معاشی مسائل کا حل شامل ہونا چاہیے۔
لیاقت بلوچ نے بتایا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پی ٹی آئی کی قیادت نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن سے ملاقات کے دوران آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ جماعت اسلامی نے جواب دیا تھا کہ جب بھی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے اور اس کا ایجنڈا اور دعوت نامہ بھیجا جائے تو جماعت اسلامی اس میں شرکت کرے گی۔
مولانا فضل الرحمٰن اور حکومت کے درمیان کشیدگی
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور حکومت کے درمیان محاذ آرائی سے متعلق سوال پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاست میں اختلافات اور محاذ آرائیاں ہوتی رہتی ہیں، تاہم حکمران اگر کسی کی بات سننے اور اختلافی مؤقف برداشت کرنے کے لیے تیار نہ ہوں اور ہر معاملے کو ریاستی طاقت کے ذریعے حل کرنا چاہیں تو یہ طرز عمل قابلِ عمل نہیں رہتا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل بات چیت اور برداشت میں ہے، ریاستی طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں کیے جاسکتے۔
