پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، قومی ایئرلائن پی آئی اے نے لندن کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی آئی اے کے مطابق 27 اکتوبر 2026 سے پاکستان اور لندن کے درمیان روزانہ پروازیں چلائی جائیں گی، جس کے بعد لندن روٹ پر ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 7 ہوجائے گی۔
قومی ایئرلائن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ان سات پروازوں میں سے پانچ پروازیں اسلام آباد سے لندن کے لیے چلائی جائیں گی، جبکہ دو پروازیں لاہور اور لندن کے درمیان آپریٹ ہوں گی۔
اس وقت پی آئی اے پاکستان سے لندن کے لیے ہفتے میں 4 پروازیں چلا رہی ہے۔ نئی پروازوں کے آغاز کے بعد مسافروں کو لندن جانے کے لیے پہلے کے مقابلے میں زیادہ سفری مواقع دستیاب ہوں گے۔
ایئرلائن ترجمان کا کہنا ہے کہ لندن روٹ پر پروازوں میں اضافہ مسافروں کے اعتماد اور برطانیہ جانے والے روٹس پر بڑھتی ہوئی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
پروازوں کی تعداد بڑھنے سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان سے لندن کا سفر کرنے والے دیگر مسافروں کو بھی سہولت ملنے کی توقع ہے۔ اس فیصلے سے مسافروں کے لیے سفر کے انتخاب میں اضافہ ہوگا اور لندن جانے کے لیے مزید آپشنز دستیاب ہوں گے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی آئی اے کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر اپنے پروازوں کے سلاٹس بھی واپس مل چکے ہیں۔ سلاٹس کی واپسی کے بعد قومی ایئرلائن کے لیے لندن کے فضائی آپریشن کو مزید وسعت دینے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
پی آئی اے کی جانب سے لندن کے لیے روزانہ پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
