اسلام آباد:
ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بڑی خبر سامنے آ گئی، جس کے مطابق حکومت نے عالمی بینکوں سے قرض لے کر نظام بدلنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔
حکومت نے بجلی کی تقسیم کے نظام کو جدید بنانے کے لیے ملک بھر کی تمام ڈسکوز کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ اس بڑے منصوبے کے لیے عالمی مالیاتی اداروں سے اربوں ڈالر کے قرضے حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے اقتصادی امور اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے وفاقی وزیر احد چیمہ کی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لیے مالی وسائل کی فراہمی کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام ڈسکوز کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز لگانے کے لیے فنڈز کا انتظام اقتصادی امور ڈویژن کی کوششوں کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ حکومت اس مقصد کے لیے کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے اربوں ڈالر کے قرضے لینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
منصوبے کی مالی معاونت حاصل کرنے کے لیے حکومت عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے مذاکرات کرے گی۔ سرکاری اعلامیے میں اجلاس کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اسمارٹ میٹرز کی تنصیب ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں کی جائے گی۔
