خبر

ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری، تنخواہیں بڑھانے کی تجویز آگئی

ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری، تنخواہیں بڑھانے کی تجویز آگئی

پی آئی اے ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کی تجویز سامنے آگئی ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ پروپوزل قومی ایئرلائن کے بورڈ اجلاس میں پیش کردیا گیا۔ تنخواہوں میں اضافے کی تجویز چیف فنانشل آفیسر کی جانب سے بورڈ کے سامنے رکھی گئی، تاہم اس کی حتمی منظوری سے متعلق فیصلہ ابھی سامنے نہیں آیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی آئی اے بورڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) انوار علی حیدر کی زیر صدارت اسلام آباد میں بورڈ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں قومی ایئرلائن کے آپریشنز کو مزید فعال بنانے اور فضائی بیڑے میں توسیع سے متعلق مختلف امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران چیف فنانشل آفیسر نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق تجویز اور پروپوزل بورڈ کے سامنے پیش کیا۔ اس پیش رفت سے پی آئی اے ملازمین میں امید پیدا ہوئی ہے، تاہم اضافے کی شرح اور اطلاق سے متعلق تفصیلات ابھی واضح نہیں کی گئیں۔

بورڈ اجلاس میں نئے فضائی میزبانوں یعنی کیبن کریو کی بھرتی کے معاملے پر بھی غور کیا گیا، جبکہ نئے کیبن کریو کے لیے ڈریس کی منظوری سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

قومی ایئرلائن کے فضائی بیڑے میں اضافے کے لیے دو نئے بوئنگ طیارے ویٹ لیز پر حاصل کرنے کے معاملے پر بھی بورڈ کو بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق دونوں طیاروں کی لیزنگ سے متعلق معاملات جلد حتمی شکل اختیار کرسکتے ہیں۔

اجلاس میں گراؤنڈ کیے گئے بوئنگ طیاروں کو مرمت اور ضروری مینٹیننس کے بعد دوبارہ فضائی بیڑے میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ بورڈ کو بتایا گیا کہ جہازوں کی دیکھ بھال کے لیے درکار پرزہ جات کی خریداری کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پی آئی اے کو ایک ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے جانے کی بھی اطلاع ہے۔ ذرائع کے مطابق مالی تعاون ملنے کے بعد قومی ایئرلائن نے ملازمین کی تنخواہیں ادا کردی ہیں۔

پی آئی اے کی نجکاری کے فیصلے کے بعد بینکوں کی جانب سے بھی قومی ایئرلائن کے لیے قرضے کی منظوری دی گئی ہے، جس کے بعد ادارے کے مالی اور انتظامی معاملات میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔

ماخذ

شیئر کریں: f 𝕏 ◉ ➤ in @