خبر

مشرقِ وسطیٰ میں بڑی جنگ کا خطرہ، روس اور چین نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کردیا

مشرقِ وسطیٰ میں بڑی جنگ کا خطرہ، روس اور چین نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کردیا

اقوام متحدہ: روس اور چین نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جانب سے دوبارہ فوجی کارروائیوں کی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے اور تنازع کے حل کے لیے سیاسی و سفارتی راستہ اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق اقوام متحدہ میں روس اور چین کے سفیروں نے مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں اپنے مؤقف کا اظہار کیا۔ یہ اجلاس جمعے کو بحرین کی درخواست پر منعقد ہوا۔

اقوام متحدہ میں چین کے سفیر فو کونگ نے خبردار کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑے پیمانے پر جنگ چھڑنے کا خطرہ بدستور زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائیوں کے امکان سے متعلق حالیہ بیانات خاص طور پر تشویش ناک ہیں۔

چینی سفیر نے زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن قائم کرنے کے لیے سیاسی اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

ارنا کے مطابق روس اور چین کے نمائندوں نے ایران کے خلاف جنگ فوری طور پر ختم کرنے اور تنازع کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں ممالک نے خبردار کیا ہے کہ دوبارہ فوجی محاذ آرائی خطے کو ایک بڑے بحران کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ پائیدار امن کے لیے سفارت کاری اور سیاسی بات چیت ہی راستہ فراہم کرسکتی ہے۔

ماخذ

شیئر کریں: f 𝕏 ◉ ➤ in @