لاہور ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کی بڑی کارروائی، ترکی کے 4 جعلی ورک ویزے پکڑے گئے۔
ترجمان نے کہا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے ترکی کے جعلی ورک ویزوں پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ مسافر نقی نذر (ساہیوال)، زین العابدین (لاہور)، محمد الیاس خاور (مظفرگڑھ) اور محمد سلیمان (فیصل آباد) پرواز 9P-502 کے ذریعے ترکی روانہ ہو رہے تھے۔
دورانِ امیگریشن جانچ پڑتال چاروں مسافروں کے ترکی کے ورک ویزے جعلی پائے گئے، جبکہ ان کے پاسپورٹس پر پروٹیکٹر اسٹیکرز بھی موجود تھے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مسافروں نے مختلف ٹریول ایجنٹوں کو جعلی ویزوں کے حصول کے لیے مجموعی طور پر 57 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔
ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے چاروں مسافروں کو آف لوڈ کرکے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا۔ ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے جعلی ورک ویزوں اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
