خبر

سندھ یوتھ کارڈ کے فوائد، رجسٹریشن اور اہلیت کی تفصیلات جاری

سندھ یوتھ کارڈ کے فوائد، رجسٹریشن اور اہلیت کی تفصیلات جاری

کراچی: سندھ حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے سندھ یوتھ کارڈ منصوبے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ اس منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں صوبے بھر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو تعلیم، مالی معاونت اور روزگار سے متعلق مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ سندھ یوتھ کارڈ کا باضابطہ افتتاح پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں سندھ کے 30 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 15 سے 29 سال عمر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو اس سہولت سے مستفید کیا جائے گا۔ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور معاشی مواقع فراہم کرکے انہیں خودمختار بنانا ہے۔

وزیر کھیل کے مطابق سندھ یوتھ کارڈ کے حامل نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالرشپس، بلاسود قرضے، مالی معاونت اور دیگر فلاحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے کے ذریعے نوجوانوں کو تعلیمی اور معاشی میدان میں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

رجسٹریشن کا طریقہ کار
سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ سندھ یوتھ کارڈ کی رجسٹریشن مکمل طور پر آن لائن ہوگی اور درخواست دینے کا طریقہ کار آسان رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان بغیر کسی دشواری کے اس پروگرام میں شامل ہو سکیں۔

کون اہل ہوگا؟
حکومت سندھ کے مطابق اس منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے لیے امیدوار کی عمر 15 سے 29 سال کے درمیان ہونا ضروری ہے، جبکہ درخواست گزار کے پاس سندھ کا ڈومیسائل ہونا لازمی ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں صرف سندھ سے تعلق رکھنے والے نوجوان ہی اس پروگرام کے لیے اہل ہوں گے۔

وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے کہ ان نوجوانوں تک بھی حکومتی سہولیات پہنچائی جائیں جو ماضی میں مختلف پروگراموں سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ اسی مقصد کے تحت اس منصوبے کو وسیع پیمانے پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔

ماخذ

شیئر کریں: f 𝕏 ◉ ➤ in @