ریاض: برطانیہ نے سعودی عرب میں موجود اپنے شہریوں کو ممکنہ میزائل اور ڈرون حملوں کے پیش نظر محتاط رہنے اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ریاض میں برطانوی سفارت خانے اور جدہ میں برطانوی قونصل خانے نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ حفاظتی ہدایات میں خبردار کیا ہے کہ میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں روک کر تباہ کیے جانے کے بعد ان کا ملبہ زمین پر گرنا بھی انسانی جانوں کے لیے بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔
برطانوی سفارتی مشنز نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر انہیں محفوظ مقام پر منتقل ہونے یا پناہ لینے کی ہدایت دی جائے تو فوری طور پر کسی محفوظ عمارت کے اندر چلے جائیں اور وہیں قیام کریں۔
ہدایات کے مطابق مضبوط عمارت کے اندر رہنا نسبتاً محفوظ ہے۔ اس مقصد کے لیے اندرونی سیڑھیاں یا ایسے کمرے استعمال کیے جاسکتے ہیں جن کی بیرونی دیواریں اور کھڑکیاں کم ہوں۔
برطانوی حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقامی سعودی حکام کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور خطرے کی صورت میں کھلی جگہوں پر رہنے سے گریز کریں۔
یہ ہدایات ایسے وقت میں جاری کی گئی ہیں جب خطے میں میزائل اور ڈرون حملوں کے خدشات کے باعث مختلف ممالک اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
