خبر

زمین کی رجسٹری ڈاؤن لوڈ کرنے کا آسان طریقہ، گھر بیٹھے سہولت دستیاب

زمین کی رجسٹری ڈاؤن لوڈ کرنے کا آسان طریقہ، گھر بیٹھے سہولت دستیاب

لاہور: اپنی زمین یا جائیداد کی رجسٹری کی کاپی حاصل کرنے کے لیے اب ہر بار متعلقہ دفتر جانے کی ضرورت نہیں، رجسٹریشن آف ڈیڈز (آر او ڈی) پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے رجسٹری کا ریکارڈ تلاش کرکے اس کی کاپی ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔

اس آن لائن سہولت کے ذریعے شہری اپنے ضلع اور تحصیل کا انتخاب کرنے کے بعد دستیاب ریکارڈ میں اپنی رجسٹری تلاش کرسکتے ہیں۔ تلاش کے لیے خریدار، بیچنے والے یا کمیشن سے متعلق شناختی کارڈ نمبر، نام یا رجسٹری نمبر میں سے کسی ایک معلومات کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

پورٹل پر مطلوبہ ضلع اور تحصیل منتخب کرنے کے بعد دستیاب فلٹر میں متعلقہ معلومات درج کرکے تلاش کے بٹن پر کلک کرنا ہوگا۔ اگر مطلوبہ رجسٹری کا ریکارڈ موجود ہوا تو اس کی تفصیلات سامنے آجائیں گی۔ یہ ریکارڈ ضلعی رجسٹری دفاتر کے اسکین شدہ ڈیٹا پر مشتمل ہے، اس لیے کسی رجسٹری کی معلومات دستیاب نہ ہونے کی صورت میں پورٹل کے ذریعے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

آن لائن رجسٹری کی تفصیلات دیکھنے کے لیے صارف کو پہلے پورٹل پر اکاؤنٹ بنانا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے لاگ اِن والے حصے میں جاکر رجسٹریشن کے آپشن پر کلک کریں اور درست ای میل ایڈریس درج کریں۔ اس کے بعد اکاؤنٹ فعال کرنے کے لیے تصدیقی ای میل موصول ہوگی۔

ای میل میں موجود تصدیقی لنک پر کلک کرنے کے بعد اکاؤنٹ فعال ہوجائے گا اور صارف اپنی معلومات کے ذریعے پورٹل میں لاگ اِن کرسکے گا۔ لاگ اِن ہونے کے بعد رجسٹری تلاش کرنے اور دستیاب تفصیلات دیکھنے کی سہولت حاصل ہوگی۔

رجسٹری کی کاپی پرنٹ یا حاصل کرنے کے مرحلے میں صارف کو چالان نمبر اور پی ایس آئی ڈی فراہم کیا جائے گا۔ اس پی ایس آئی ڈی کے ذریعے موبائل ادائیگی کی سہولت، مثلاً جاز کیش یا ایزی پیسہ، استعمال کرکے مقررہ فیس ادا کی جاسکتی ہے۔

ادائیگی مکمل ہونے کے بعد رجسٹری کی کاپی ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پورٹل پر اکاؤنٹ بناتے وقت اور ریکارڈ تلاش کرتے ہوئے تمام معلومات درست درج کریں۔ غلط یا جعلی معلومات فراہم کرنے کی صورت میں اکاؤنٹ بلاک ہوسکتا ہے، جبکہ ادائیگی بھی فراہم کردہ معلومات کے مطابق ہی کی جائے گی۔

ماخذ

شیئر کریں: f 𝕏 ◉ ➤ in @