پاکستان اور سری لنکا کے مابین راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوران غیر معیاری کھانا پیش کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے غیر ملکی کرکٹ سیریز کے دوران ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے تحت انٹرنیٹ وائی فائی کے ساتھ معیاری کھانا اور دیگر اشیاء بطور سہولت پیش کی جاتی ہیں۔
تاہم اس کے برعکس راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے میڈیا باکس کے لیے مقامی کیٹرنگ کمپنی جیلانی کو ٹیسٹ میچز کے دوران کھانا مہیا کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا جس کے تحت مخلتف مینو کے ساتھ کھانا ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کو مہیا کیا جاتا ہے۔
متعد صحافیوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور جیلانی کیٹرنگ کے حکام کو بتایا ہے کہ کھانا غیر معیاری اور ٹھنڈا ہوتا ہے جو کھانے کے قابل نہیں ہوتا ہے۔


پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ کھانے کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے آگاہ کردیا گیا ہے، جلد اسے مزید بہتر کردیا جائے گا۔
