کراچی: بلاول بھٹو کی شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں نے گزشتہ چند روز کے دوران خاصی توجہ حاصل کی، تاہم پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خود ان خبروں کو مسترد کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر مختلف پوسٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی آسٹریا کی شہزادی گلوریا سے منگنی یا شادی ہونے والی ہے۔ یہ اطلاعات تیزی سے پھیلیں اور صارفین کی جانب سے مختلف قیاس آرائیاں بھی سامنے آنے لگیں۔
معاملے پر بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو بیان کے ذریعے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا نے ان کی نہ صرف بات پکی کردی بلکہ منگنی اور شادی بھی کروا دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ وہ کسی شہزادی گلوریا کو جانتے تک نہیں۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر اس نوعیت کی افواہیں بعض اوقات لوگوں کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹانے کا سبب بنتی ہیں۔
دوسری جانب بلاول بھٹو کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے بھی ان خبروں پر اپنے مخصوص اور دلچسپ انداز میں ردعمل دیا۔ آصفہ بھٹو نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر ان کے بھائی کی شادی ہو رہی ہے تو انہیں اس بارے میں کچھ معلوم ہی نہیں اور وہ کراچی میں بیٹھی ہیں۔
آصفہ بھٹو کے اس تبصرے نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کی اور بلاول بھٹو کی شادی سے متعلق چلنے والی قیاس آرائیوں پر مزید دلچسپ گفتگو شروع ہوگئی۔
اس سے قبل کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب بھی بلاول بھٹو کی مبینہ منگنی یا شادی سے متعلق خبروں کی تردید کر چکے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بعض پوسٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ صدر آصف علی زرداری خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ آسٹریا گئے ہیں تاکہ شادی کی تاریخ اور دیگر معاملات پر بات چیت کی جاسکے۔
تاہم ان دعوؤں کے حوالے سے بھی کوئی مستند تصدیق سامنے نہیں آئی۔ یوں بلاول بھٹو کی شادی سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات فی الحال محض افواہیں ثابت ہوئی ہیں اور خود بلاول بھٹو نے بھی ان کی واضح تردید کردی ہے۔
