ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے دنیا کے 110 ممالک میں بعض آئی فون صارفین کو اہم سیکیورٹی الرٹس جاری کیے ہیں۔ ایپل سیکیورٹی الرٹ میں صارفین کو ممکنہ مرسنری اسپائی ویئر حملے کا نشانہ بننے سے خبردار کیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے بھیجے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایپل نے صارف کے آئی فون کو ہدف بنانے والے ممکنہ مرسنری اسپائی ویئر حملے کا پتا لگایا ہے۔ صارفین کو اپنے ڈیوائس اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے فوری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مرسنری اسپائی ویئر کیا ہے؟
مرسنری اسپائی ویئر عام سائبر حملوں کے مقابلے میں زیادہ پیچیدہ اور جدید نوعیت کا خطرہ سمجھا جاتا ہے۔ ایسے حملوں میں مخصوص افراد کو ان کی شناخت، پیشہ ورانہ سرگرمیوں یا دیگر وجوہات کی بنیاد پر نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
ایپل کے مطابق اس نوعیت کے خطرات عام صارفین کو متاثر کرنے والے روایتی سائبر حملوں سے مختلف ہوتے ہیں اور ان کے پیچھے زیادہ وسائل رکھنے والے حملہ آور ہوسکتے ہیں۔
ایپل نے سیکیورٹی الرٹس کب شروع کیے؟
ایپل نے صارفین کو خطرناک سائبر حملوں سے آگاہ کرنے کے لیے تھریٹ نوٹیفکیشنز کا سلسلہ 2021 میں شروع کیا تھا۔ کمپنی کے مطابق اس کے بعد مختلف مواقع پر 150 سے زائد ممالک میں صارفین کو ایسے الرٹس بھیجے جاچکے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ان نوٹیفکیشنز کا مقصد ایسے افراد کو بروقت خبردار کرنا ہے جن کے بارے میں شواہد سامنے آئیں کہ انہیں انتہائی پیچیدہ اسپائی ویئر حملوں کے ذریعے انفرادی طور پر نشانہ بنایا گیا ہے۔
صارفین کو کیا کرنا چاہیے؟
ماہرین کے مطابق اگر کسی آئی فون صارف کو ایپل کی جانب سے ایسا سیکیورٹی الرٹ موصول ہو تو اسے معمول کی وارننگ سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے آئی فون کو جدید ترین سافٹ ویئر پر اپ ڈیٹ رکھیں، مشکوک لنکس یا پیغامات کھولنے سے گریز کریں اور ایپل کی جانب سے تجویز کردہ حفاظتی اقدامات پر فوری عمل کریں۔
