سکردو: بلتستان سے ججز کی تعیناتی کا مطالبہ زور پکڑ گیا، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سکردو نے اعلیٰ عدالتوں میں علاقے کو نمائندگی دینے پر زور دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مزید نظراندازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ بار ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت علی اعظمی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ججز کی تعیناتی میرٹ، اہلیت اور قابلیت کی بنیاد پر ہونی چاہیے اور اس مرتبہ بلتستان ریجن کے حق کو یقینی بنایا جائے۔
سکردو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت علی اعظمی ایڈووکیٹ نے کہا کہ بلتستان میں قابل، باصلاحیت، تجربہ کار اور انصاف پسند وکلا کی کمی نہیں۔ ان کے مطابق علاقے کے متعدد وکلا اپنی پیشہ ورانہ قابلیت اور قانونی امور پر دسترس کے باعث اعلیٰ عدالتی ذمہ داریاں سنبھالنے کی مکمل اہلیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلتستان کے وکلا طویل عرصے سے عدالتی نظام میں خدمات انجام دے رہے ہیں، اس لیے انہیں اعلیٰ عدلیہ میں نمائندگی کا مساوی حق ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ججز کی تعیناتی کے معاملے میں بلتستان ریجن کو مسلسل نظرانداز کیے جانے سے وکلا اور عوام میں احساس محرومی پیدا ہوا ہے۔
بار صدر کے مطابق بلتستان میں مختلف طبقات، مکاتب فکر اور سیاسی وابستگیوں سے تعلق رکھنے والے وکلا موجود ہیں، اس لیے ججز کی تعیناتی کسی گروہی یا سیاسی وابستگی کے بجائے صرف میرٹ، قابلیت اور عدالتی اہلیت کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔
لیاقت علی اعظمی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ 27 اگست کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے باقاعدہ کانفرنس کے ذریعے حکومت اور متعلقہ اداروں کو بلتستان ریجن کے ساتھ ججز کی تعیناتی کے معاملے میں ہونے والی ناانصافیوں سے آگاہ کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مطالبہ کیا گیا تھا کہ اس مرتبہ بلتستان کے حق کو نظرانداز نہ کیا جائے، تاہم ان کے مطابق اب تک اس معاملے پر خاطر خواہ پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ ججز کی تعیناتی انتہائی اہم اور حساس معاملہ ہے کیونکہ عدلیہ کا بنیادی مقصد تمام شہریوں کو بلاامتیاز انصاف فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق اعلیٰ عدالتی اداروں میں مختلف علاقوں کی مناسب نمائندگی اور اہل افراد کی تعیناتی سے نہ صرف احساس محرومی کم ہوگا بلکہ عوام کا عدالتی نظام پر اعتماد بھی مضبوط ہوگا۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سکردو کے صدر نے واضح کیا کہ بلتستان کے وکلا اپنے جائز حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ اگر اعلیٰ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی کے دوران ایک مرتبہ پھر بلتستان ریجن کو نظرانداز کیا گیا تو وکلا خاموش نہیں رہیں گے۔
لیاقت علی اعظمی ایڈووکیٹ نے خبردار کیا کہ مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہ کیا گیا تو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے لیے وکلا کے پاس مختلف آپشنز موجود ہیں اور ضرورت پڑنے پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرکے احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وکلا آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بلتستان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اعلیٰ عدالتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ماضی کی ناانصافیوں کا ازالہ کرتے ہوئے بلتستان سے اہل اور باصلاحیت وکلا کو اعلیٰ عدلیہ میں جج تعینات کیا جائے۔
