کراچی میں ایم ڈی کیٹ 2026 کے امیدواروں کے لیے اہم سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ میں جیوینائل کارڈ کی لازمی شرط ختم کردی گئی، جس کے بعد یہ دستاویز نہ رکھنے والے امیدوار بھی امتحان میں شریک ہوسکیں گے۔
جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سندھ حکومت کے محکمہ صحت کی ہدایت پر امیدواروں کو سہولت دینے کے لیے جیوینائل کارڈ کی شرط میں نرمی کی گئی ہے۔ اس فیصلے کی منظوری ایم ڈی کیٹ کمیٹی کی جانب سے دی گئی ہے۔
نئی ہدایت کے تحت جن امیدواروں کے پاس جیوینائل کارڈ موجود نہیں، انہیں امتحانی مرکز پر اپنی شناخت کی تصدیق کے لیے میٹرک یا انٹرمیڈیٹ کی اصل تصویر والی مارک شیٹ ساتھ لانا ہوگی۔ ٹیسٹ سینٹر میں امیدوار کی شناخت کے لیے اصل مارک شیٹ کی جانچ کی جائے گی۔
حکام نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ امتحان کے روز مطلوبہ اصل دستاویز اپنے ساتھ ضرور لے کر آئیں تاکہ شناخت کے مرحلے میں کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔ جیوینائل کارڈ نہ ہونے کی صورت میں اصل تصویر والی مارک شیٹ کو قابل قبول دستاویز قرار دیا گیا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق یہ فیصلہ امیدواروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔
امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ امتحانی مرکز جانے سے پہلے اپنی اصل تصویر والی مارک شیٹ سمیت دیگر مطلوبہ دستاویزات مکمل طور پر تیار رکھیں۔ اس طرح شناخت کے عمل میں غیر ضروری تاخیر یا دشواری سے بچا جاسکتا ہے۔

